قائرہ: مصر کے شمالی صوبے قلیوبیہ میں مسافر ٹرین پٹری سے اتر گئی ہے جس کے نتیجے میں کم از کم 11 افراد جاں بحق اور100زخمی ہو گئے ہیں۔
برطانوی آن لائن اخبار ڈیلی میل کے مطابق ٹرین حادثے میں کم سے کم11 افراد ہلاک اور100 زخمی ہوگئے ہیں۔
وزارت صحت نے تصدیق کی ہے کہ کم از کم 11 افراد کی موت ہوگئی ہے اور 98 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
خلیج کے مؤقر نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق حادثے میں16 افراد جاں بحق اور100 زخمی ہوئے ہیں۔ حادثے کے بعد 50 سے زائد ایمبولینسز کو پہلے جائے حادثہ کی جانب اور اس کے بعد اسپتالوں کی طرف جاتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔
صوبائی حکام کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ٹرین کی کم سے کم 8 بوگیاں پٹری سے اتر گئی ہیں۔
حادثے کے بعد سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ٹرین کے متعدد ڈبے پٹری کے اطراف میں الٹ گئے ہیں اورلوگوں کی بڑی تعداد ان کے پاس موجود ہے۔ فوری طور پر واقعے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے۔
مصر میں حالیہ کچھ سالوں میں متعدد ٹرین حادثات رونما ہوئے ہیں۔ گزشتہ ماہ مارچ میں بھی مصر میں دو مسافر ٹرینیں ٹکرا گئی تھیں جس کے نتیجے میں 32 افراد ہلاک اور 200 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔