اسلام آباد: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہاہےکہ سندھ حکومت پر امن طریقے سے احتجاج کرنے والوں کو نہیں روکے گی۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ پانچ چھ دن پہلے معاملہ شروع ہوا تو ہمیں تاخیر سے علم ہوا، صوبوں کو موجودہ صورتحال پر اعتماد میں نہیں لیاگیا لہٰذا صوبوں کو اعتماد میں لیاجائے، اسٹیک ہولڈرزکو اعتماد میں لےکرہی بہترحل کی طرف جاسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کل لاہور میں جو ہوا اس کے ردعمل میں مفتی منیب نے ملک میں پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کیا، ہم رات سےہی سارے لوگوں سے رابطے میں ہیں، اگر کوئی اپنی مرضی سے دکان، ٹرانسپورٹ بند کرے تو اسے اجازت ہے، ہم پرُامن طریقے سے احتجاج ریکارڈ کرانے والوں کو نہیں روکیں گے البتہ امن و امان کی صورتحال پیداہوئی تو حفاظتی اقدامات کریں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ میرا مشورہ ہے وفاقی حکومت ایسی چیز نہ کرے جو ممکن نہ ہو اس لیے حکومت کو مشورہ ہے کہ وقتی فائدے کے لیے بڑی تکلیف میں نہ ڈال دیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ خورشید شاہ جیل میں ہیں ،ڈیل وغیرہ کی کوئی بات نہیں ہے، پیپلز پارٹی کیس کا سامنا کر رہی ہے اور غلط کیسوں کا بھی سامنا کررہی ہے جب کہ باقی جگہ پر تو کچھ نہ کچھ ریلیف مل رہاہے۔