ڈی سی آفس میں اخوت کے زیراہتمام 20 ریڑھیاں تقسیم

کمشنر ذوالفقار احمد گھمن نے کہا ہے کہ حکومتی اداروں اور خدمت انسانی میں مصروف عمل سماجی تنظیموں کے اشتراک سے غریب نوجوانوں کو باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنا عبادت سے کم نہیں ہے اور انہیں خوشی ہے کہ ان کی تحریک پر معروف تنظیم اخوت نے پہلے مرحلہ میں 20 نوجوانوں کو پش کارٹ (ریڑھیاں) فراہم کردی ہیں جس کے ذریعہ یہ نوجوان اپنے لئے اور اپنے عزیز و اقارب کیلئے روزگار کمانے کے قابل ہوسکیں گے ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈی سی آفس میں اخوت کے زیراہتمام نوجوانوں میں 20 ریڑھیاں فراہم کرنے کے موقع پر کیا۔ ڈپٹی کمشنر محمد سہیل خواجہ، اے سی ایچ آر ایم شاہد عباس جوتہ، اخوت کی نمائندہ محترمہ عنبرین اوردیگر بھی ان کے ہمراہ تھے ۔کمشنر نے اخوت کے روح رواں ڈاکٹر امجد ثاقب کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بلا شبہ ان کی تنظیم ملکی اور بین الاقوامی سطح پر قابل قدر خدمات سرانجام دیتے ہوئے مائیکروفنانسنگ کے ذریعہ غربت کے خاتمے میں مصروف عمل ہے ۔ ان خوبصورت رنگوں سے مزین ریڑھیوں سے ماحولیاتی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا اوراگلے مرحلوں میں ریڑھیوں کی تعداد میں اضافہ کیلئے بھی اقدامات کئے جائیں گے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں