لاہور: بین الاقوامی شہرت یافتہ ڈھولچی گونگا سائیں حرکت قلب بند ہونے کے باعث انتقال کر گئے ہیں۔
گونگا سائیں کے مینیجر ثقلین کے مطابق ان کی نماز جنازہ 11 بجے سبزہ زار لیاقت چوک کے قریب ادا کیا جائے گی جب کہ تدفین ٹھوکر نیاز بیگ کے قبرستان میں ہوگی۔
گونگا سائیں پپو سائیں کے ہمراہ پرفارم کرتے تھے اور انہوں نے کئی ملکی اور بین الاقوامی فیسٹیولز میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا تھا۔
گونگا سائیں اور پپو سائیں کی جوڑی نے اپنے طرز موسیقی و رقص کو نہایت کامیابی سے یورپ میں جرمنی، سوئٹزرلینڈ اور برطانیہ کے صوفی حلقوں میں روشناس کرایا۔
وہ قریباً تمام مسلم ممالک، یورپ اور امریکہ میں اپنے فن کا مظاہرہ کر چکے تھے۔ حال ہی میں اس جوڑی کو بی بی سی کے عالمی مقابلے میں بہترین جنوبی ایشیائی موسیقی کا انعام دیا گیا تھا۔
گونگا سائیں کی وجہ شہرت صوفی طرز کے ڈھول کی تھاپ پر دیوانہ وار رقص تھا۔ یہ رقص وہ خود ہی ڈھول بجاتے ہوئے کرتے تھے۔ ان کا یہ لازوال مظاہرہ ہر جمعرات کو شاہ جمال کے مزار پر ملاحظہ کیا جا سکتا تھا۔