چین کے بعد برطانیہ نے بھی اپنی ڈیجیٹل کرنسی متعارف کرانے پر سنجیدگی سے غور شروع کر دیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق برطانیہ کے وزیر خزانہ نے بتایا ہے کہ وہ ایک نئی ڈیجیٹل کرنسی بنانے پر غور کر رہے ہیں، جس کا نام ’برِٹ کوائن‘ رکھا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے انہیں بینک آف انگلینڈٰ کا تعاون بھی حاصل ہو گا۔
رپورٹ کے مطابق بینک آف انگلینڈ کی جانب سے جاری بیان میں اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ وہ دیجیٹل کرنسی متعارف کرانے پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عام طور پر ہارڈ کرنسی کا استعمال کم ہو رہا ہے جبکہ کورونا وباء کی وجہ سے نوٹوں کا استعمال مزید کم ہو کر رہ گیا ہے۔
بینک آف انگلینڈ کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر یہ کرنسی بنائی گئی تو اس کو منظور کر لیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ یہ ڈیجیٹل کرنسی خریداری اور کاروباری مقاصد کے لیے استعمال کی جا سکے گی۔ تاہم یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ نوٹ بھی موجود رہیں گے اور یہ کرنسی نوٹ معمول کی طرح مستقبل میں بھی گردش میں رہیں گے۔
دنیا میں بٹ کوائن جیسی ڈیجیٹل کرنسیاں تیزی سے مشہور ہو رہی ہیں جبکہ چین جیسے متعدد ممالک بھی اپنی ڈیجیٹل کرنسیاں مارکیٹ میں لانے پر کام کر رہے ہیں۔