لاہور: پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی راجہ ریاض نے انکشاف کیا ہےکہ وزیراعظم اور جہانگیر ترین کے ٹوٹے ہوئے رابطے بحال ہوگئے ہیں۔
راجہ ریاض نے انکشاف کیا کہ اگلے چند روز میں وزیراعظم سے جہانگیر ترین کی ملاقات ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ اسی سلسلے میں افطار ڈنر کو بھی مؤخر کیا گیا ہے، اگلے چند دنوں میں دیکھیں گے کہ جہانگیر ترین اور وزیراعظم کی ملاقات ہوگی، یقین ہے بہت سے معاملات طے پاجائیں گے اور بہت چیزیں سیٹل ہوجائیں گی۔
راجہ ریاض کا کہنا تھا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ جہانگیر ترین کے ساتھ انصاف نہیں ہورہا اور ہم یہ تمام چیزیں وزیراعظم کے گوش گزار کریں گے، پوری امید ہے جب وزیراعظم کو اصل حقائق کا پتا چلے گا تو امید ہے بہت بڑا ریلیف اس ملاقات میں ہمیں ملے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کے پاس تینوں ایف آئی آر ہیں اور کسی میں لفظ شوگر نہیں لکھا ہوا۔
واضح رہےکہ گزشتہ دنوں جہانگیر ترین کی عدالت میں پیشی کے موقع پر پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی راجہ ریاض نے کہا تھا کہ عمران خان صاحب بات کو آگے نا بڑھائیں، اگر ہمیں انصاف نا ملا تو اگلا لائحہ عمل دیں گے۔
اس کے علاوہ پی ٹی آئی کے جہانگیر ترین کی حمایت میں کھڑے ارکان نے وزیراعظم کو ملاقات کے لیے خط بھی بھیجا تھا۔