پنجاب: 7 اضلاع میں 4 شعبوں کی او پی ڈیز مزید ایک ہفتے کیلئے بند

لاہور: محکمہ صحت پنجاب نے کورونا کی روک تھام کے لیے 7 اضلاع کے بڑے تدریسی اسپتالوں میں 4 شعبوں کی او پی ڈیز مزید ایک ہفتے کے لیے بند کردیں۔

حکومت پنجاب کے ہیلتھ کیئر میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب کے 7 اضلاع فیصل آباد، لاہور، سرگودھا، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، ملتان اور راولپنڈی میں کورونا کی روک تھام کے لیے تدریسی اسپتالوں کے چار شعبوں امراض چشم، جلد، ناک کان و گلہ اور دانتوں کے امراض کے لیے شعبہ او پی ڈی کی بندش میں 7 روز کے لیے توسیع کر دی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہےکہ کورونا مریضوں کی تعداد میں کمی نہ ہونے کی وجہ سے ان شعبوں کے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کورونا مریضوں کے علاج اور دیکھ بھال کے لیے خدمات سرانجام دیتے رہیں گے جب کہ ان چاروں شعبوں کے معمول کے آپریشن بھی 27 اپریل تک موخر رہیں گے، ان شعبوں کے مریضوں کے لیے آؤٹ ڈور کی سہولت دوبارہ بحال کرنے کا فیصلہ 27 اپریل کو حالات کا جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں