پاکستان میں کورونا کے آغاز سے اب تک ایک روز میں سب سے زیادہ اموات

ملک میں کورونا وائرس کی تیسری لہر شدت اختیار کرگئی ہے جس کے باعث گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک روز میں 157 اموات ہوئیں جو پاکستان میں وبا کے آغاز سے لے کر اب تک ایک روز میں ہونے والی سب سے زیادہ اموات ہیں۔

پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 52402 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 5908 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ وائرس سے 157 افراد انتقال کر گئے۔

یاد رہے کہ پاکستان میں پہلی بار سب سے زیادہ 153 اموات 20 جون 2020 کو ریکارڈ کی گئی تھیں۔

سرکاری پورٹل کے مطابق مک میں کورونا وائرس مثبت آنے کی شرح 11.27فیصد رہی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 16999 ہو گ

ی ہے اور مجموعی کیسز 7 لاکھ 90016 تک جاپہنچے ہیں جب کہ فعال کیسز کی تعداد 86529 ہے۔

اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 4198 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 6 لاکھ 86488 ہو گئی ہے۔

صوبوں کی صورتحال
سرکاری پورٹل کے مطابق سندھ میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 276670 ہوگئی ہے جب کہ 4587 افراد اب تک انتقال کرچکے ہیں۔

پنجاب میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 285542 ہے اور 7897 افراد وائرس میں مبتلا ہوکر جان سے جاچکے ہیں جب کہ بلوچستان میں مریضوں کی کل تعداد 21477 اور ہلاکتیں 230ہو چکی ہیں۔

خیبرپختونخوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 112140 اور 3066 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ آزاد کشمیر میں 16327 افراد وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں اور 458 افراد انتقال کر گئے۔

اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا کے مریضوں کی تعداد 5247 اور 104 افراد انتقال کرچکے ہیں۔

پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 72613 ہے اور اب تک 657 مریض انتقال کر چکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں