زرعی ترقیاتی بینک کے 112 نائب صدور کی تنزلی کا فیصلہ کالعدم قرار

اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے زرعی ترقیاتی بینک کے 112 نائب صدور کی تنزلی کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے زرعی ترقیاتی بینک کے نئے بورڈ کو 3 ماہ میں فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے کہا کہ بورڈ سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں افسران سے متعلق پالیسی فیصلہ کرے اور تین ماہ میں فیصلہ نہ کرنے پر افسران کی ترقی کا نوٹیفکیشن غیر مؤثر ہو جائے گا۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ نوٹیفکیشن غیرمؤثر ہو جانے کی صورت میں عہدوں پر پرانے قانون کے تحت دوبارہ بھرتیاں کرنی ہوں گی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکم دیا کہ عدالتی فیصلہ بینک کے نئے بورڈ کے سامنے رکھا جائے جبکہ زرعی ترقیاتی بینک کا بورڈ تین سال تک تشکیل نہ دیا جا سکا۔

وفاقی حکومت کی بورڈ کی تشکیل میں ناکامی سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل میں تاخیر کا باعث بنی۔

فیصلے میں کہا گیا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم پر وفاقی حکومت نے 30 دسمبر 2020 کو بورڈ تشکیل دیا جبکہ نائب صدور کی تنزلیوں کا فیصلہ بینک کے صدر نے کیا۔

عدالت نے کہا کہ بینک کے صدر کے پاس پالیسی فیصلہ کرنے کا اختیار نہیں تھا اور بینک کا بورڈ موجود ہی نہیں یہ اہم حقیقت سپریم کورٹ سے چھپائی گئی۔ بینک کا بورڈ موجود نہ ہوتے ہوئے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل نہیں ہو سکتا تھا۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے 16 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں