ریاض: سعودی حکومت نے پاکستان اور بھارت سمیت دیگر ممالک پر سفری پابندیاں عائد کردیں۔
عالمی وبا کورونا کے مریضوں میں اضافے کے باعث سعودی حکومت نے پاکستان، بھارت، انڈونیشیا، سری لنکا اور فلپائن کے لیے سفری پابندی عائد کی ہیں۔
سعودی ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق یورپی ملکوں سے بھی پروازوں پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ سعودی شہریوں کو وطن واپسی کے لیے 72 گھنٹوں کی مہلت ہوگی اور اقامہ ہولڈرز بھی 72 گھنٹوں کے دوران واپس سعودی عرب جاسکتے ہیں تاہم کارگو پروازیں اور صحت کے شعبے سے وابستہ افراد پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔
سعودی ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق سفری پابندی کا فیصلہ کورونا وائرس کے کیسز میں پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کیا گیا ہے۔