ملک کے بعض علاقوں میں بارش کی پیش گوئی

محکمہ موسمیات نے ملک کے بعض علاقوں میں بارش جب کہ بیشترعلاقوں میں دن کے دوران گرم اورخشک رہنے کی پیش گوئی کر دی۔

رپورٹ کے مطابق بلوچستان ،بالائی سندھ ، خیبر پختونخوا اور کشمیر میں ہلکی بارش کا امکان ہے جب کہ اسلام آباد میں دن کو موسم گرم اور خشک رہے گا۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم رہے گا جب کہ قلات،لسبیلہ ،خضدار، ژوب، تربت ،مکران، دالبندین میں بارش متوقع ہے۔

اس کے علاوہ نوکنڈی اور کوئٹہ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔

ڈیرہ غازی خان، میانوالی، سرگودھا، بہاولپور اور خطہ پوٹھوہار میں بھی ہلکی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سکھر ،لاڑکانہ، دادو،حیدرآباد اور بینظیر آباد میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش متوقع ہے۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں دن کے دوران موسم گرم اور خشک رہے گا۔

پشاور،کوہاٹ، بنوں،وزیر ستان اورکرم میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔

کشمیرمیں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جب کہ گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابرآلود رہے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں