دنیا کے آخری بوئنگ 300-747 کی 5 سال مرمت کے بعد ایران میں پہلی اڑان

ایران کی مہان ائیر کے زیر استعمال 35 سال پرانے دنیا کے آخری بوئنگ 300-747 طیارے نے 5 سال کی مرمت اور بحالی کے بعد ایران میں اندرون ملک روٹ پر پہلی کامیاب اڑان بھری۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ایران کی مہان ائیر کے زیر استعمال ای پی- ایم این ای رجسٹریشن کے اس بوئنگ طیارے میں اکتوبر 2015 میں مہرآباد سے بندر عباس کی پرواز کے دوران دونوں انجن میں شدید خرابی پیدا ہوگئی تھی۔

طیارے کو بھی شدید نقصان پہنچا تھا اور عملے کے 19 ارکان سمیت 422 مسافروں کی زندگیاں بمشکل بچائی جاسکی تھیں۔

اس حادثے کے بعد سے طیارے کو ایران کے محراب انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر کھڑا کردیا گیا تھا۔

ایرانی انجینیئرز نے مہان ائیر کے ای پی- ایم این ڈی رجسٹریشن کے ایک ریٹائرڈ بوئنگ 747 کے دو انجنوں کی اس طیارے میں تنصیب کی۔

طیارے کی بحالی اور تزئین و آرائش کے کام میں لگ بھگ پانچ سال لگے جس کے بعد بوئنگ 300-747 نے ایک بار پھر ہواؤں میں اڑنا شروع کر دیا ہے۔

مہان ائیر نے گزشتہ روز تہران سے کش آئی لینڈ تک کی دو طرفہ پرواز ڈبلیو 51042 اور ڈبلیو 51043 کیلئے اپریل 1986 میں پہلی اڑان بھرنے والا یہی طیارہ استعمال کیا۔

ائئرلائن ذرائع کے مطابق مزید ڈومیسٹیک پروازوں کیلئے اب یہ طیارہ باقاعدگی سے استعمال کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں