امریکا نے بھارت پر سفری پابندیاں عائدکرنے کا اعلان کر دیا ہے جس کا اطلاق 4 مئی سے ہو گا۔
بھارت میں کورونا سے بڑھتی اموات کے بعد امریکی حکومت بھی بھارتیوں پر دروازے بند کر رہی ہے، یہ اقدام امراض پر قابو پانے سے متعلق ادارے کی سفارش پر کیا گیا ہے۔
اب بھارت سے امریکا آنے والے تقریباً تمام افراد کو کورونا کا منفی ٹیسٹ یا مکمل صحتیابی کا سرٹیفیکٹ دکھانا ہو گا تاہم پالیسی کا اطلاق امریکی شہریوں پر نہیں ہو گا اور قانونی مستقل رہائشیوں کو بھارت سے امریکا آنے کی اجازت ہو گی۔
امریکی صدر جوبائیڈن کی جانب سے دستخط کیے گئے حکم نامے کے مطابق دنیا بھر میں کورونا کیسز کے ایک تہائی صرف بھارت سے رپورٹ ہو رہے ہیں، ایسی صورتحال میں ضروری ہے کہ بھارت سے آنے والے مسافروں سے امریکی شہریوں کی صحت کو لاحق خطرات روکے جائیں۔
بھارت میں روز بروز بڑھتے کیسز اور انہیں روکنے میں مودی سرکار کی مسلسل ناکامی کے سبب امریکی حکومت نے یہ فیصلہ صرف 24 گھنٹے میں کیا۔
مسلسل 9 روز سے بھارت میں روزانہ 3 لاکھ یا زائد کیسز رپورٹ کیے جا رہے ہیں، صرف جمعہ کو تین لاکھ 86 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے تھے، اس طرح کیسز کی مجموعی تعداد 2 کروڑ کے قریب پہنچ چکی ہے جبکہ اموات 2 لاکھ سے بھی بڑھ چکی ہیں۔
طبی ماہرین کا کہنا ہےکہ بھارت پردہ پوشی کر رہا ہے جبکہ کیسز اور اموات کی اصل تعداد 10 گنا زیادہ ہے۔
امریکا سے پہلے برطانیہ، جرمنی، اٹلی، سنگاپور، کینیڈا، ہانگ کانگ اور نیوزی لینڈ بھی بھارت پر سفری پابندیاں عائد کر چکے ہیں۔