کوئٹہ: بلوچستان کی 11 جیلوں میں پابند سلاسل قیدیوں کی انسداد کورونا کی ویکسی نیشن شروع کردی گئی جس کے پہلے مرحلے میں 60 سال سے زیادہ عمر کے 33 قیدیوں کو انسداد کورونا کی ویکسین لگائی گئی ہے۔
ایڈیشنل آئی جی جیل خانہ جات حمید اللہ نے جیو نیوز کو بتایا کہ بلوچستان کی جیلوں میں 2300 قیدی موجود ہیں اور پچھلے ایک سال کے دوران صوبے کی جیلوں میں کورونا کے 150 کے لگ بھگ کیسز سامنے آئے جب کہ ایک قیدی کی موت بھی واقع ہوئی تھی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ صوبے کی جیلوں میں بند قیدیوں کو انسداد کورونا کی ویکسی نیشن شروع کردی گئی، پہلے مرحلے میں 60 سال سے زیادہ عمر کے 33 قیدیوں کو انسداد کورونا کی ویکسین لگا دی گئی ہے جب کہ دوسرے مرحلے میں 40 سال سے زائد عمر کے قیدیوں کو ویکسین لگوانے کیلئے لسٹیں تمام جیلوں سے طلب کرلی گئی ہیں۔