کراچی: کلفٹن کے شاپنگ مال میں سنار کی دکان میں چوری کی واردات کا ڈراپ سین ہوگیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ 4 مئی کو واردات کے بعد کیس کی گہرائی سےتفتیش شروع کی گئی، متاثرہ دکان کا ڈی وی آر اور دیگر 15دکانوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی گئی اور 23 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی جن میں سے 15 مشتبہ افراد کا کال ریکارڈ حاصل کرکے اس کی چھان بین کی گئی۔
‘
پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش کے دوران کیس کے مدعی پر شک ہوا اس نے پوچھ گچھ کے دوران یہ اعتراف کیا کہ اس نے دکان میں چوری کا ڈرامہ رچایا تھا جس میں اس کا دوست وسیم بھی اس کے ساتھ ملوث ہے، دونوں ملزمان کی نشاندہی پر آئی آئی چند ریگر روڈ پر واقع تجارتی مرکز پر چھاپہ مارا گیا جہاں سے 3 کلو سونا ملا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم آصف نے بتایا کہ اس پر 80 لاکھ روپے قرض تھا اور قرضے کی ادائیگی کے لیے اس نے چوری کا ڈرامہ کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ چوری کیا گیا سونا 3 کلو ہی تھا، ملزمان نے جھوٹ بولا تھا کہ سونا 10 کلو غائب ہوا، واقعہ کا مقدمہ ملزم آصف کی ہی مدعیت میں کلفٹن تھانے میں درج ہے۔