پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن (پی آئی اے) کو رواں سال کے پہلے 3 ماہ میں ساڑھے 7 ارب روپے سے زائد کا خسارہ ہوا۔
پی آئی اے کی جانب سے 31 مارچ 2021 کو ختم ہونے والی سہ ماہی کی مالیاتی رپورٹ جاری کی گئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ رواں سال کے پہلے 3 ماہ کے دوران پی آئی اے کو 7 ارب 51 کروڑ روپے کے خسارے کا سامنا رہا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کورونا نے ائیرلائنز اور ایوی ایشن صنعت کو جنگ عظیم دوم اور نائن الیون سے بھی زیادہ نقصان پہنچایا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پی آئی اے کے اے کلاس شیئر پر 1 روپے 44 پیسے اور بی کلاس پر 72 پیسے فی شیئر خسارہ ہوا، پی آئی اے کا مجموعی ریونیو 15 ارب 50 کروڑ روپے رہا جبکہ پی آئی اے کے اخراجات 19 ارب 10 کروڑ روپے رہے۔
پی آئی اے کی جانب سے جاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ائیر لائن کا آپریشنل نقصان 5 ارب 41 کروڑ روپے رہا جبکہ روپے کی قدر میں بہتری سے پی آئی اے کو 4 ارب 14 کروڑ روپے کا فائدہ ہوا۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہےکہ سود اور قرضوں کی مد میں پی آئی اے نے 6 ارب 24 کروڑ روپے کی ادائیگی کی۔