اداکارہ منشا پاشا نے فلسطینیوں کے حق میں مظاہروں کی تصاویر پر لوگوں کے تبصرے دیکھ کر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے کئی اداکار، ڈائریکٹرز اور پروڈیوسرز فلسطین پر اسرائیلی دہشتگردی کے خلاف ہونے والے ملک گیر مظاہروں میں شرکت کررہے ہیں۔
گزشتہ روز بھی ملک کے کئی شہروں میں احتجاج ہوئے جس میں عائشہ عمر، ماہرہ خان اور منشا پاشا سمیت دیگر اداکار شریک ہوئے۔
منشا پاشا نے انسٹاگرام اسٹوری اپ لوڈ کی جس میں انہوں نے فلسطینیوں کے حق میں آواز اٹھانے کی اہمیت پر بات کی۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ‘مظاہروں کی تصاویر پر لوگوں کے تبصرے دیکھ کر بہت دکھ ہوا، صارفین کہہ رہے ہیں کہ یہ سب کرنے سے کچھ نہیں ہوگا، اس کا کوئی فائدہ نہیں ہے’۔
منشا نے واضح کیا کہ ‘فلسطینی خود کہہ رہے ہیں کہ ہمارے ساتھ جو کچھ ہورہا ہے وہ دنیا کو بتائیں، ہمارا ساتھ دیں اور یہاں کے لوگ دکھانا چاہ رہے ہیں کہ وہ ان مشکل حالات میں فلسطین کے مسلمانوں کے ساتھ ہیں’۔
انہوں نے مزید کہا کہ ‘دنیا بھر میں ہونے والے مظاہروں کے نتیجے میں ایک دباؤ پیدا ہورہا ہے، آپ لوگوں کو یوں حوصلہ شکنی نہیں کرنی چاہیے’۔