ایک ہفتے میں چکن، پیاز، انڈے، چینی اور آٹا سمیت 25 اشیاء مزید مہنگی ہوگئیں۔
وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی پر ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق ہفتہ وارمہنگائی میں اعشاریہ آٹھ دو فیصد اضافہ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق مرغی کی قیمت 36 روپے 78 پیسے بڑھ گئی جس کے بعد ملک میں چکن کی اوسط قیمت 325 روپے 50 پیسے فی کلو ہو گئی۔
وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران چینی کی قیمت 3 روپے 22 پیسے فی کلو بڑھی ہے جس سے اوسط قیمت 99 روپے 22 پیسے ہو گئی۔
ایک ہفتے کے دوران 20 کلو آٹے کے تھیلے کی اوسط قیمت 33 روپے 49 پیسے بڑھ کر 1145 روپے 84 پیسے تک ہو گئی، ایک ہفتے کے دوران کیلا 15 روپے 83 پیسے فی درجن ، انڈے 7 روپے 60 پیسے فی درجن، پیاز 2 روپے کلو، بیف 10 روپے 51 پیسے فی کلو اور مٹن 12 روپے 49 پیسے فی کلو مہنگا ہوا۔
اس کے علاوہ دال چنا ،تازہ دودھ، دہی اور چاول کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ایک ہفتے کے دوران صرف 7 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی جن میں ٹماٹر 5 روپے 71 پیسے فی کلو اور دال مونگ 2روپے کلو سستی ہوئی۔
ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر ،دال مسور اور پیاز کی قیمتیں بھی کم ہوئیں، 19 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا۔