کراچی: ڈیفنس کھڈا مارکیٹ میں سکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے دو افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ڈیفنس کھڈا مارکیٹ میں گاڑی پارک کرنے پر معمولی تلخ کلامی سے شروع ہوا جس دوران سکیورٹی گارڈ نے طیش میں آکر فائرنگ کردی۔
پولیس کا کہنا ہےکہ ڈبل کیبن گاڑی میں سوار شخص بلاول نے موٹرسائیکل سوار شخص کو موٹرسائیکل ہٹانے کے لیے ہارن دیا اس کے بعد گاڑی سے سکیورٹی گارڈ اتر کر آیا اور موٹرسائیکل سوار شخص کے ساتھ تلخ کلامی کرنے لگا۔
بعد ازاں سکیورٹی گارڈ نے فائرنگ کردی جس سے ایک گولی موٹرسائیکل سوار اصغر اور گداگر خاتون کو بھی لگی، واقعے کے بعد گاڑی میں سوار شخص گارڈ سمیت فرار ہونے لگا تو لوگوں نے گارڈ کو پکڑ لیا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر سکیورٹی گارڈ ذیشان کو تھانے منتقل کردیا جب کہ زخمی خاتون اور مرد کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔