اب پتہ چلا اسرائیل کا قبضہ مسلم ممالک پر ہے غزہ پر نہیں، سینیٹر رضا ربانی

سابق چئیرمین سینیٹ رضا ربانی کا کہنا ہےکہ پہلے لگتا تھا کہ اسرائیل کا قبضہ غزہ پر ہے، اب پتہ چل گیا کہ اسرائیلی قبضہ غزہ پر نہیں مسلم ملکوں پر ہے۔

رضا ربانی نے سینیٹ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں اس شرمناک مسلم دنیا سے سوال کرتا ہوں کہ وقت کب آئےگا جب مسلم اُمّہ اس جارحیت کے خلاف کھڑی ہو گی۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم اُمّہ اور قیادت خاموش کھڑے رہے اور فلسطین کی ایک نسل ختم ہو گئی، کیا شہریوں ، بچوں کا اجتماعی قتل کیا اپنے دفاع کا نیا ڈاکٹرائن ہے، پہلے سوچتا تھا کہ اسرائیل کا قبضہ غزہ پر ہےلیکن اب باور ہو گیا ہے اسرائیل کا قبضہ مسلم ممالک پر ہے غزہ پر نہیں۔

سابق چئیرمین سینیٹ نے کہاکہ مسلم ممالک فلسطین کے لیے ایک فنڈ قائم کریں، اسرائیل کو پاکستانی قوم اس وقت تک تسلیم نہیں کرے گی جب تک یروشلم آزاد فلسطین کا دارلحکومت نہیں بن جاتا ، 41 مسلم ممالک کی آرمی کو فلسطینی حکام کے اختیار میں دیا جائے۔

رضا ربانی نے کہا کہ وہ مسلم ممالک جنھوں نے حال میں اسرائیل سے سفارتی تعلقات بنائے وہ اپنا اثر رسوخ استعمال کرتے اور فلسطین میں قتل روکتے ، لیکن اللہ نے انھیں توفیق نہیں دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں