8 بجتے ہی سندھ میں بغیر ضرورت گھر سے نکلنے کی پابندی پر عملدرآمد شروع

صوبہ سندھ میں 8 بجتے ہی نئی کورونا پابندیاں شروع ہوگئیں۔

آج سے رات 8 بجے کے بعد لوگوں کے بغیر ضرورت گھر سے نکلنے پر پابندی ہے۔ گاڑیوں کی نقل وحرکت پر بھی پابندی ہے اور ضروری کاموں کیلئے گاڑیوں میں صرف ایک فرد کے ساتھ اجازت ہے۔

نئی پابندیوں پر عملدرآمد کرانے کیلئے جگہ جگہ پولیس ناکے لگ گئے ہیں۔

صوبائی دارالحکومت کراچی میں بھی سخت لاک ڈاؤن کا نفاذ ہوگیا جس کے باعث سڑکوں پر ٹریفک معمول سے انتہائی کم ہے۔

اس کے علاوہ کراچی سمیت صوبے کے دیگر شہروں میں 6 بجے مارکیٹیں و تجارتی مراکز بند کردیے گئے۔

وزیراعلیٰ نے آئی جی سندھ کو گاڑیوں میں گھومنے والے افراد کو روکنے کی بھی ہدایت کی ہے، اگر کسی کو ضروری کام یا اسپتال جانا ہے تو اسے اجازت دی جائے گی۔

ترجمان وزیراعلیٰ کے مطابق پارکس میں مغرب کے بعد لائٹیں بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور وزیراعلیٰ نے ڈپٹی کمشنرز اور ایس ایس پیز کو پابندیوں پر ہر صورت عملدرآمد کرانے کی ہدایت کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں