اسلام آباد میں مارگلہ کی پہاڑیوں پر 3 جگہوں پر آگ لگی ہوئی ہے جسے بجھانے کی کوششیں جاری ہیں۔
ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف کے مطابق ٹریل تھری سید پور کے علاقے کی جانب صبح سے آگ لگی ہوئی ہے،ڈی 12 کی جانب مارگلہ کی پہاڑیوں پر بھی آج دوبارہ آگ بھڑک اٹھی ہے جب کہ بری امام کی جانب بھی مارگلہ کی پہاڑیوں میں آگ لگی ہے۔
یہ بات واضح نہیں کہ آگ کیسے لگی، آیا کسی نے جان بوجھ کر آگ لگائی ہے یا پھر یہ کسی کی غفلت کا نتیجہ ہے۔
البتہ پاکستان کے اسپیڈ اسٹار شعیب اختر اس معاملے میں خاصے غصے میں نظر آرہے ہیں جس کا اظہار انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک جذباتی پوسٹ کے ذریعے کیا ہے۔
انسٹاگرام پر شعیب اختر نے ایک پرندے اور اس کے انڈوں کی تصویر شیئر کی، انڈوں کے برابر میں ایک پرندہ مردہ حالت میں پڑا ہوا ہے جو ممکنہ طور پر آگ میں جھلس کر ہلاک ہوا ہے۔
مارگلہ ہلز پہ آ گ لگانے والوں کے نام۔
یہ بھاگ سکتی تھی ، اس کے پاس اڑنے جانے کی صلاحیت بھی تھی مگر وہ نہیں بھاگی کیونکہ ان انڈوں میں زندگیاں تھیں مگر ہم آگ لگا دیتے ہیں کیونکہ ہمارے پاس ماچس ہے احساس نہیں ہے۔ pic.twitter.com/ToHc8E22bR— Shoaib Akhtar (@shoaib100mph) May 28, 2021
شعیب اختر نے اس تصویر کے ساتھ لکھا کہ ’مارگلہ ہلز پہ آ گ لگانے والوں کے نام، یہ بھاگ سکتی تھی، اس کے پاس اڑنے جانے کی صلاحیت بھی تھی مگر وہ نہیں بھاگی کیونکہ ان انڈوں میں زندگیاں تھیں مگر ہم آگ لگا دیتے ہیں کیونکہ ہمارے پاس ماچس ہے احساس نہیں ہے‘۔
شعیب اختر کی اس پوسٹ پر ان کے مداحوں نے بھی اس عمل کی مذمت کی ہے۔