اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کاکہنا ہےکہ کویت نے 10 سال بعد پاکستان کیلئے ورک ویزا کا اجرا شروع کردیا۔
ٹوئٹر پر جاری بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ اچھی خبروں کا سلسلہ جاری ہے، کویت نے 10 سال بعد پاکستان کیلئے ورک ویزا کا اجراء شروع کردیا ہے۔
کورونا سے متعلق انہوں نے کہا کہ کراچی کےعلاوہ تمام ملک میں کورونا کی شرح 4 فیصد سے بھی کم ہو گئی ہے، کورونا فرنٹ پر پاکستان کی ریکوری نے دنیا کو حیران کر دیا ہے، بھارت سمیت خطے کے ممالک اس موذی مرض سےنبرد آزما ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کو بڑا ریلیف ملے گا، مہنگائی میں اضافہ تو ہوا ہے لیکن قوت خرید میں اضافہ بھی اسی شرح سے ہو رہا ہے، امید ہے اگلے دو سال میں عمران خان کی قیادت میں ملک منزل کے قریب ہوگا۔