برطانیہ میں پہلی مرتبہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس سے کوئی موت واقع نہیں ہوئی۔
برطانوی محکمہ صحت کے مطابق مارچ 2020 کے بعد سے پہلی بار ہوا ہے کہ کورونا کے مثبت کیسز کے دوران کوئی موت نہیں ہوئی، برطانیہ میں کورونا سے مجموعی اموات کی تعداد ایک لاکھ 27 ہزار 782 ہوچکی ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 3 ہزار 165 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی جب کہ پیر کو 3 ہزار 383 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق کیسز میں معمولی اضافےکی وجہ بھی کورونا کی بھارتی قسم کےکیسز کا سامنے آنا ہے۔
برطانوی وزیر صحت کا کہنا ہےکہ پورا ملک اس خبر کو سن کر خوش ہے، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ویکسین کام دکھارہی ہے، یہ آپ کو اور آپ کے پیاروں کو محفوظ رکھ رہی ہے۔
تاہم ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اچھی خبر کے باجود ابھی اس وائرس کو شکست نہیں ہوئی ہے اور ہمیں ابھی مزید احتیاط کرنے کی ضرورت ہے۔