اسلام آباد: سپریم کورٹ نے ڈینیل پرل کیس میں ملزمان کی شکایت پر سندھ حکومت کو نوٹس جاری کردیا۔
سپریم کورٹ میں جسٹس عمرعطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے ڈینیل پرل قتل کیس کے ملزمان کی نظربندی کے کیس کی سماعت کی جس دوران ملزمان کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سلمان ثاقب اور دیگر ملزمان نے مجھے شکایتی خط بھیجا ہے، ملزمان کا کہنا ہے انہیں اپارٹمنٹ میں طبی ودیگر سہولیات فراہم نہیں کی جارہیں۔’
ملزمان کے وکیل کی شکایت پر جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ ملزمان کی شکایت پرسندھ حکومت کو نوٹس جاری کررہے ہیں۔
اس موقع پر سرکاری وکیل نے عمرشیخ کی بیوی اوربیٹےکے ساتھ دیگر رشتے داروں کی ملاقات کروانے کی یقین دہانی کرائی۔
بعد ازاں عدالت نے 3 ملزمان کی شکایت پرسندھ حکومت کو نوٹس جاری کردیا جب کہ عدالت نے وفاق کی اپیل پر بھی فریقین کو نوٹس جاری کردیے اور کیس کی مزید سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردی۔