لاہور: غازی آباد میں نوجوانوں کا معمولی جھگڑا جواں سال لڑکی کی جان لے گیا۔
جی نیوز کے مطابق غازی آباد کے علاقے گُجا پیر روڈ پر چند ماہ قبل بشیر نامی شخص کے بیٹوں کا محلے دار اسامہ بلال سے معمولی بات پر جھگڑا ہو گیا جس پر اہل محلہ نے صلح کروادی لیکن اسامہ بلال نے رنجش دل میں رکھی اور اپنے بھائی کے ساتھ مل کر بشیر کے گھر کے مین گیٹ پر فائرنگ کر دی۔
پولیس کےمطابق بشیر کی 19 سالہ بیٹی ثناء بتول گھر کے صحن میں کپڑے دھو رہی تھی کہ ایک گولی سیدھی اسے لگی اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گئی۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی اور لاش پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا کر ملزمان کے دو رشتے داروں کو حراست میں لے لیا۔
پولیس کا کہناہےکہ مقتولہ کی 4 ماہ بعد شادی تھی اور لڑکی کی ہلاکت پر گھر میں کہرام مچ گیا۔