جرائم پیشہ افراد کی ہیڈمنی، سندھ رینجرز کو سب سے زیادہ انعامی رقم ملے گی

کئی سالوں سے مارے یا پکڑے گئے مطلوب جرائم پیشہ افراد کے سروں کی قیمت اب قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ملنے جارہی ہے اور اس سلسلے میں محکمہ داخلہ کی جانب سے وزیر اعلیٰ سندھ کو بھیجی گئی 3کروڑ 70 لاکھ روپے کی سمری میں سب سے زیادہ رقم رینجرز کے حصے میں آئے گی جب کہ دوسرے نمبر پولیس کی جانب سےنوابشاہ ڈویژن کو انعامی رقم ملے گی۔

کراچی سمیت سندھ بھر میں کئی سالوں سے مارے یا پکڑے گئے جرائم پیشہ ملزمان کے سروں کی قیمت کے معاملے میں پیشرفت ہوئی ہے اور محکمہ داخلہ نے تین کروڑ 70 لاکھ روپے انعامی رقم منظوری کےلیے بھیج دی ہے۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ داخلہ نے سمری وزیر اعلیٰ سندھ کو بھیجی ہے جس کے مطابق سب سے زیادہ انعامی رقم سندھ رینجرزکو پھرپولیس کے نوابشاہ ڈویژن کو ملے گی۔

سندھ رینجرز کو 5 ملزمان کی گرفتاری پر ایک کروڑ 53 لاکھ روپے ملیں گے، سی ٹی ڈی کو ایک ملزم کو ہلاک کرنے پر 20 لاکھ روپے ملیں گے اور ساؤتھ زون کو ایک ملزم کی گرفتاری پر 10 لاکھ روپے انعام ملے گا جب کہ لاڑکانہ ڈویژن کو 6 ملزمان کی گرفتاری پر 52 لاکھ روپے ملیں گے۔

اس کے علاوہ نوابشاہ ڈویژن کو 9 ملزمان میں سے ایک کو ہلاک اور 8کو گرفتار کرنے پر ایک کروڑ 40 لاکھ ملیں گے۔

ان ملزمان کی ہیڈ منی کئی سالوں سے التوا کا شکار تھی، حال ہی میں ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کی سربراہی میں ٹیم نے ہیڈ منی کی منظوری دی تھی، وزیراعلیٰ سندھ کی منظوری کے بعد محکمہ داخلہ یہ انعامی رقم جاری کرے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں