مانسہرہ: سیاحت کے کاروبار اور سیاحوں کی حفاظت کے لیے وادی کیوائی اور کاغان میں بھی کورونا ویکسی نیشن سینٹرز قائم کردیے گئے۔
مانسہرہ کے عوام کے لیے ماس ویکسی نیشن سینٹرنیو سرکٹ ہاؤس میں قائم کیا گیا ہے جس کا افتتاح ایم پی اے بابر سلیم خان نے کیا۔
اس موقع پر بابر سلیم خان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں حکومتی اداروں اور عوام کے درمیان ہم آہنگی سے ہی کامیابی ممکن ہو سکتی ہے۔
مانسہرہ میں قائم 12 مراکز میں 4 ہزار اساتذہ سمیت 44 ہزارافراد کو ویکسین لگائی جاچکی ہے جب کہ منگل تک ناران میں بھی کورونا ویکسی نیشن سینٹر کام شروع کردےگا۔
ڈپٹی کمشنر مانسہرہ ڈاکٹر قاسم علی کا کہنا ہے کہ آج سے ویکسین لگائے بغیر کوئی استاد تدریسی عمل میں حصہ نہیں لے سکے گا جب کہ سیاحوں کے لیے تیسرا ویکسی نیشن سینٹر ناران میں جلد کام شروع کردے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کیوائی میں اس وقت ویکسی نیشن سینٹر کام کر رہا ہے اور ایک ویکسی نیشن سینٹر کاغان میں کام کررہا ہے۔
دوسری جانب عوام نے بھی ویکسی نیشن سینٹرز کے قیام پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔