وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر وقار مسعود کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ بجلی کے نرخ بڑھانے اور ٹیکس آمدن میں اضافے کے طریقوں پر اختلاف ہے۔
ڈاکٹر وقار مسعود نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات دوبارہ شروع ہوں گے تو ہم تازہ اعداد و شمار کے ساتھ بات کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف چاہتا ہے کہ پہلے سے طے شدہ اہداف کے مطابق بجلی کے نرخ 4 روپے تک بڑھائے جائیں، یہ ایک سخت اور مشکل پروگرام ہے جس میں رہتے ہوئے ہم پہلے ہی بجلی 40 فیصد تک مہنگی کرچکے ہیں۔
ڈاکٹر وقار مسعود کا کہنا تھا کہ ہم آئی ایم ایف کو باور کرانا چاہتے ہیں کہ ان کے تجویز کردہ طریقے مسائل کا مستقل حل نہیں ہیں۔