لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکا کہنا ہے کہ پنجاب کا بجٹ تاریخ ساز ہوگا اور بجٹ میں سب کے لیے خوشخبریاں ہیں۔
عثمان بزدارکی زیر صدارت صوبائی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی، سینئر وزیر عبدالعلیم خان، صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت، دیگر وزراء اوراراکین پنجاب اسمبلی نے شرکت کی
اس موقع پر عثمان بزدار نے کہا کہ ہم اس سال ریکارڈ ترقیاتی بجٹ پیش کرنے جا رہے ہیں، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے بجٹ میں اضافہ کیا جارہا ہے جب کہ کورونا کی تیسری لہر کے معاشی اثرات سے نمٹنے کیلئے آئندہ مالی سال میں بھی ٹیکس ریلیف دیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے کہا بجٹ میں تجویز کردہ اقدامات سے صوبے کی معیشت پھلے پھولے گی، اتحادی جماعت سے بہترین تعلقات ہیں، بجٹ آسانی سے پاس ہو گا۔