پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے سیزن کے 20 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو شکست دے دی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے 153 رنز کے ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی ٹیم 124 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور یوں انہیں 28 رنز سے شکست ہوئی۔
ابوظبی میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
اسلام آباد کی جانب سے اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور آدھی ٹیم 20 رنز پر پر ڈھیر ہوگئی۔ آصف علی اور افتخار احمد نے شاندار اننگز کھیلیں اور لڑکھراتی بیٹنگ لائن کو سہارا دیا۔
آصف اور افتخار نے چھٹی وکٹ پر 123 رنز کی پارٹنرشپ بنائی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز بنائے۔ آصف علی نے 75 اور افتخار احمد 49 رنز بناکر نمایاں رہے۔
لاہور کی جانب سے جیمز فاکنر 3 جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
لاہور قلندرز کی اننگز
ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی ٹیم نے شاندار آغاز کیا تاہم 55 کے مجموعی اسکور پر کپتان سہیل اختر 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد قلندرز کی جانب سے کوئی بڑی شراکت قائم نہ ہوسکی اور پوری ٹیم 19 ویں اوور میں 124 رنز پر ڈھیر ہوگئی یوں اسلام آباد یونائیٹڈ نے 28 رنز سے فتح حاصل کی۔
قلندرز کی جانب سے فخر زمان 44 اور کپتان سہیل اختر 34 رنز بناکر نمایاں رہے۔ اسلام آباد کی جانب سے محمد موسیٰ نے 3، فواد احمد اور شاداب خان نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے آصف علی کو شاندار بیٹنگ پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔