پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کے معمولی عمل سے بین الاقوامی مشروب ساز کمپنی کوکا کولا کو اربوں ڈالرز کا نقصان ہوا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ہنگری کے دارالحکومت بوداپست میں یورو کپ فٹبال ٹورنامنٹ کے ہنگری کیخلاف میچ سے قبل پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو جب پریس کانفرنس کرنے کیلئے آئے تو ان کے سامنے کاربونیٹڈ ڈرنگ کوکاکولا کی دو بوتلیں رکھی ہوئی تھیں۔
رونالڈو نے کچھ لمحے ان بوتلوں کو دیکھا اور پھر دونوں کو اٹھاکر ایک طرف رکھ دیا۔ پھر فٹبالر نے نیچے سے پانی کی بوتل اٹھائی اور سامنے رکھ لی اور یہ بھی کہا کہ ’کوکا کولا نہیں پانی‘۔
رونالڈو دنیا بھر میں کروڑوں فینز رکھتے ہیں جو ان کے ہر عمل کی پیروی کرنا چاہتے ہیں اور ان جیسا بننا چاہتے ہیں یہی وجہ ہے کہ رونالڈو کے اس عمل کو بھی ان کے چاہنے والوں نے کاربورنیٹڈ ڈرنکس کے بائیکاٹ اور پانی کو اپنانے کے پیغام کے طور پر لیا۔
اس پریس کانفرنس کے بعد کوکا کولا کے شیئرز کی قیمت 56.10 امریکی ڈالر سے کم ہوکر 55.22 ڈالر پر آگئی جس کی وجہ سے کمپنی کی مجموعی مارکیٹ ویلیو میں 1.6 فیصد (4 ارب ڈالر) کمی واقع ہوئی جو 242 ارب ڈالر سے کم ہوکر 238 ارب ڈالر ہوگئی۔
خیال رہے کہ کوکاکولا یورو کپ 2020 کا آفیشل اسپانسر پارٹنر ہے اور فٹبال کے تقریباً تمام ٹورنامنٹس میں بڑا اسپانسر ہوتا ہے۔ اس حوالے سے یورو کپ 2020 کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کو پریس کانفرنس کے موقع پر کوکا کولا اور پانی دونوں فراہم کیے جاتے ہیں اب یہ کھلاڑیوں کی مرضی ہے کہ وہ کسے پسند کرتے ہیں۔
پریس کانفرنس کے بعد میچ میں رونالڈو نے 2 گول کیے اور ان کی ٹیم پرتگال نے ہنگری کو 0-3 سے باآسانی شکست دی۔