پنجاب حکومت نے صوبے میں نئے ڈویژن، اضلاع اور تحصیلوں کے قیام پر غور شروع کردیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر نئے اضلاع اور تحصیلوں کیلئے کام شروع کردیا گیا ہے اور مختلف اداروں سے نئے اضلاع کے حوالے سے ابتدائی رپورٹس مانگ لی گئیں ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بجٹ کی منظوری کے بعد پنجاب میں نئے اضلاع، تحصیلوں اور ڈویژن کے حوالے سے باضابطہ کام ہو گا۔
ذرائع کے مطابق سیاسی رہنماؤں اورارکان اسمبلی سے بھی ان کے اضلاع میں ردو بدل کے حوالے سے مشاورت کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب بھر میں زیادہ آبادی والے بڑے اضلاع میں کانٹ چھانٹ کاامکان ہے اور کئی حلقوں میں ردوبدل ہو گا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے اس معاملے پر ابتدائی مشاورت کر لی ہے تاہم حتمی فیصلے ورکنگ پیپر کے بعد ہوں گے جبکہ نئے فیصلے کے سیاسی طور پر وسیع پیمانے پر اثرات مرتب ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نئے اضلاع اورنئی تحصیلوں کے قیام کے حامی ہیں۔ اس حوالے سے عثمان بزدار کا کہنا تھاکہ پنجاب میں ہر کام میرٹ اور انصاف پر کیا جاتا ہے، پولیس اور انتظامیہ کو سیاسی دباؤ سے آزاد کیا ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ ماضی میں مخالفین کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا لیکن پی ٹی آئی کی حکومت نے سیاسی انتقام کے اندھے کلچر کا خاتمہ کیا۔