بھارت کو دھول چٹا کر نیوزی لینڈ ٹیسٹ کرکٹ کا چیمپئن بن گیا

ساؤتھمپٹن : بھارت کو 8 وکٹوں سے دھول چٹا کر نیوزی لینڈ ٹیسٹ کرکٹ کا چیمپئن بن گیا اور اولین ٹیسٹ چیمپئن شپ ٹرافی اپنے نام کرلی۔

انگلینڈ کے ساؤتھمپٹن کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ورلڈ ٹیسٹ چیپمئن شپ کے فائنل میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور بھارت نے پہلی اننگز شروع کی۔

کیوی بولرز کے سامنے بھارتی بلے باز زیادہ دیر نہ ٹھہر سکے اور پوری ٹیم 217 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ کپتان ویرات کوہلی 44 اور اجنکیا راہانے 49 رنز بناکر نمایاں رہے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے کائلی جیمی سن نے 5، نیل ویگنر اور ٹرینٹ بولٹ نے دو دو جبکہ ٹم ساؤتھی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم بھی اپنی پہلی اننگز میں 249 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، ڈیون کانوے 54 اور کپتان کین ولیم سن 49 رنز بناکر نمایاں رہے۔ بھارت کی جانب سے محمد شامی 4، اشانت شرما 3، ایشون 2 اور رویندر جدیجا ایک وکٹ لے سکے۔

بھارت نے اپنی دوسری اننگز شروع کی تو ایک بار پھر بھارتی بلے باز زیادہ دیر کریز پر نہ رک سکے اور ایک کے بعد دوسرا کھلاڑی پویلین لوٹتا رہا۔ دوسری اننگز میں بھارت 170 رنز پر ڈھیر ہوگیا۔

بھارت کی جانب سے وکٹ کیپر رشبھ پینٹ 41 رنز بناکر نمایاں بیٹسمین رہے جبکہ نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی نے 4، ٹرینٹ بولٹ 3 اور کائلی جیمی سن 2 وکٹیں لے کر نمایاں رہے۔


نیوزی لینڈ کو جیت لیے 139 رنز کا ہدف ملا جو اس نے باآسانی 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ کپتان کین ولیم سن 52 اور روس ٹیلز 47 رنز بناکر نمایاں رہے۔

یوں نیوزی لینڈ نے پہلی ٹیسٹ چیمپئن شپ اپنے نام کرلی۔ نیوزی لینڈ کے بیٹسمین کائلی جیمی سن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کو نتیجہ خیز بنانے کیلئے پانچ دن کے علاوہ چھٹا دن بھی رکھا گیا تھا اور بارش کی وجہ سے حقیقی معنوں میں ساڑھے تین روز کا کھیل ہی ممکن ہوسکا اور میچ کا فیصلہ چھٹے روز ہوا۔


خیال رہے کہ آئی سی سی نے پہلی بار ٹیسٹ چیمپئن شپ کا انعقاد کیا ہے جس میں پورا سیزن کھیلنے کے بعد ٹیسٹ رینکنگ میں پہلی اور دوسری پوزیشن پر موجود ٹیموں کے درمیان فائنل میچ ساؤتھمپٹن میں کھیلا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں