اسلام آباد: قومی اسمبلی میں پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کا اجلاس طلب کرلیا گیا۔
پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کا اِن کیمرا اجلاس یکم جولائی کو سہ پہر3 بجے ہوگا جس کی صدارت اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کریں گے جب کہ اجلاس میں قومی سلامتی سے متعلق امور ایجنڈے کا حصہ ہوں گے، اس دوران افغانستان کی موجودہ صورتحال اور اس کے پاکستان پر اثرات کے حوالے سے بات ہوگی۔
پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کے اجلاس میں حکومت کی طرف سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر داخلہ شیخ رشید، وزیر دفاع پرویز خٹک شریک ہوں گے جب کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف، بلاول بھٹو زرداری سمیت ارکان پارلیمنٹ اور وزرا بھی کمیٹی کے ارکان میں شامل ہیں۔
اس کے علاوہ چیئرمین سینیٹ، وزرا ، اراکین پارلیمنٹ و سینیٹ کو بھی کمیٹی میں خصوصی طور پر مدعو کیا گیا ہے۔