کوئٹہ میں پولیس نے اپوزیشن اراکین کو بجلی گھر تھانے میں پریس کانفرنس کرنے سے روک دیا جب کہ میڈیا کو پولیس چیک پوسٹ سے تھانے تک لانے کی کوشش کے دوران پولیس اہلکاروں کی قائد حزب اختلاف اور اپوزیشن اراکین اسمبلی اور میڈیا سے دھکم پیل ہوئی۔کوئٹہ کے بجلی گھر تھانے میں پچھلے 12 روز سے دھرنا دیے اپوزیشن اراکین نے نیوز کانفرنس کیلئے میڈیا کو تھانے بلایا مگر پولیس نے میڈیا کو تھانے سے قبل ہی چیک پوسٹ پر روک لیا۔
جب اپوزیشن لیڈر ملک سکندر ایڈووکیٹ، اراکین اسمبلی اختر حسین لانگو، زابد ریکی اور دیگر اراکین میڈیا کو تھانے لانے کیلئے چیک پوسٹ پر گئے تو ضلعی انتظامیہ اور پولیس اہلکاروں نے انہیں نہ صرف روک دیا بلکہ اپوزیشن اراکین اور میڈیا کو دھکے دیے اور تلخ کلامی کی۔
پولیس کے رویے کے خلاف اپوزیشن لیڈر ملک سکندر ایڈووکیٹ نے زرغون روڈ پر بیٹھ کر پریس کانفرنس کی جس میں ان کا کہنا تھا کہ حکومت ایف آئی آر کے معاملے پر غلط بیانی کررہی ہے، اگر حکومت نے یہی رویہ رکھا تو ہم تھانے میں بھوک ہڑتال کا اعلان کرسکتے ہیں جس کے بعد ہمارے کارکن سڑکوں پر نکال آئیں گے۔