برطانیہ میں اسکول کے طلبہ نے دعویٰ کیا ہے کہ کینو کا جوس کورونا ٹیسٹ کیلئے استعمال ہونے والی کِٹ پر ڈالنے سے نتیجہ مثبت آجاتا ہے۔
طلبہ کے مطابق مالٹے کا جوس اگر ’کووڈ لیٹرل فلو ٹیسٹ‘ میں استعمال ہونے والی کِٹ میں سیمپل کی جگہ پر ڈالا جائے تو کچھ منٹوں میں کٹ پر مثبت نتیجہ ظاہر ہوجاتا ہے۔
واضح رہےکہ ’کووڈ لیٹرل فلو ٹیسٹ‘ سے مراد ان لوگوں کا ٹیسٹ ہے جن لوگوں میں کورونا کی کوئی علامات ظاہر نہیں ہوتیں اور وہ چھوٹی سی کٹ کی مدد سے گھر پر ہی اپنا ٹیسٹ کرتے ہیں، یہ کِٹ حمل کا پتہ لگانے کیلئے ہونے والی اسٹرپ کی طرح ہی ہوتی ہے۔
اسکول ٹیچر کا دعویٰ ہے کہ ان کے شاگردوں نے انہیں مالٹے کے جوس سے ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت لانے کا طریقہ بتایا اور کہا کہ یہ دو ہفتوں کی چھٹی لینے کا بہترین طریقہ ہے۔
اس کے علاوہ برطانوی اخبار دی گارجین کی جانب سے بھی تجربہ کر کے مثبت نتائج کی تصدیق کی گئی اور کہا گیا کہ جوس میں کورونا وائرس موجود نہیں بلکہ مثبت نتائج کی وجہ جوس میں شامل تیزابیت ہے جو ٹیسٹ کے نتیجے پر اثر اندز ہوتی ہے۔
اخبار کے مطابق اس طرح کے نتائج دوسری غذاؤں اور مشروبات میں بھی دیکھے گئے ہیں ان غذاؤں میں کیچپ اورکوکا کولا شامل ہیں۔
اس کے علاوہ یونیورسٹی کالج لندن کی پروفیسر آندریا سیلا کے مطابق یہ دریافت کوئی حیرت انگیز نہیں ،اگر کوئی جان بوجھ کر ٹیسٹ کے پروٹوکول توڑتا ہے تو ٹیسٹ کے نتائج بدل جائیں گے۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ میں اسے غلط مثبت رپورٹ آنا نہیں کہوں گی کیونکہ غلط مثبت نتائج تب ہوں گے جب ٹیسٹ کروانے والا پروٹوکولز پر عمل کرے اور پھر بھی اس کا ٹیسٹ مثبت آجائے اور حقیقت میں وہ کورونا کا شکار نہ ہو۔
دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر کسی شخص کا ریپڈ کورونا ٹیسٹ مثبت آجاتا ہے تو بھی اسے تصدیق کیلئے پی سی آر ٹیسٹ ضرور کرانا چاہیے۔