بیٹنگ آرڈر میں تبدیلی میری کامیابی کی وجہ بنی: محمد رضوان

پاکستان کرکٹ ٹیم ان دنوں انگلینڈ میں موجود ہے جہاں پاکستان ٹیم کے اوپنر فخر زمان نے پی سی بی میڈیا کیلئے نائب کپتان محمد رضوان کا انٹرویو کیا ، فخر زمان نے ان کی مسلسل اچھی پرفارمنس کا راز پوچھا تو انہوں نے اس کی وجہ بیٹنگ آرڈر کو قرار دیا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان محمد رضوان کا کہنا ہے کہ بیٹنگ آرڈر میں تبدیلی کی وجہ سے ان کی کارکردگی بہتر ہوئی۔

محمد رضوان کا کہنا تھا کہ پہلے وہ چھٹے یا ساتویں نمبر پر بیٹنگ کرنے آتے تھے اور لوگوں کا تاثر تھا کہ وہ چھکا نہیں مارسکتے حالانکہ وہ ڈومیسٹک کرکٹ میں اوپر کے نمبر پر کھیلتے تھے لیکن جب نئی منیجمنٹ نے اُنہیں اوپر بیٹنگ کیلئے بھیجا تو پھر اچھے رنز بننا شروع ہوگئے۔

اُنھوں نے مزید کہا کہ تینوں فارمیٹ میں وکٹ کیپنگ اور بیٹنگ کے توازن کو برقرا ر رکھنا مشکل ہوتا ہے ، تینوں فارمیٹ کھیلنے کیلئے سپر فٹنس لازمی درکار ہوتی ہے، اس کے علاوہ منیجمنٹ نے جو اعتماد کیا اس پر پورا اُترنے کی ہر ممکن کوشش کرتا ہوں۔

دائیں ہاتھ کے بلے باز کا کہنا تھا کہ محمد حفیظ، مشتاق احمد اور شاہد آفریدی نے اُن کی ہارڈ ہٹنگ صلاحیت کو بہتر بنانے میں اہم کردار کیا، اس کے علاوہ ایک روز رمیز راجہ نیٹ کے پاس سے گزر تے ہوئے مشورہ دے گئے کہ ’ہیڈ اسٹل رکھو‘ جس کا مجھے بہت فائدہ ہوا۔
رضوان کے خیال میں بحیثیت وکٹ کیپر بیٹسمین ٹیسٹ کرکٹ بہادری اور مستقل مزاجی مانگتی ہے اور اگر تینوں فارمیٹ کھیلنے ہیں تو آپ کو سپر فٹ ہونا چاہیے۔

محمد رضوان نے بتایا کہ گزشتہ سال انگلینڈ کے دورے سے قبل انہوں نے اپنی بیٹنگ اور وکٹ کیپنگ کے لیے خصوصی مشقیں کی تھیں، برطانیہ کی کنڈیشنز میں ریڈ بال کے لیٹ سوئنگ ہونے کے باعث گیند آخری وقت تک گھومتا رہتا ہے جس پر قابو پانے کے لیے خصوصی محنت درکار ہوتی ہے، اسی طرح وائٹ بال میں وہاں ہائی اسکورننگ گیمز ہوتےہیں، جس کے لیے زیادہ دیر کریز پر ٹھہرنا ضروری ہوتا ہے۔

واضح رہے کہ 63 میچز میں وکٹوں کے پیچھے 83 شکار کرنے والے محمد رضوان گزشتہ 12ماہ میں میں کُل 33 میچز میں 1320 رنز بناچکے ہیں ،گزشتہ پانچ ماہ میں انہوں نے10 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں 106 کی اوسط اور 141.71 کے اسٹرائیک ریٹ سے 530 رنز بنائے ہیں ، جس میں ایک سنچری اور 5 نصف سنچریاں شامل ہیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں