وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر نے دعویٰ کیا ہے کہ پیر تک پاور اور گیس سیکٹر میں بہتری آئے گی۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے حماد اظہر کاکہنا تھاکہ سوئی سدرن کی گیس فیلڈ کی تین دن پہلے مرمت مکمل ہوچکی ہے، ایس ایس جی سی کو اب گیس کی قلت کا سامنا نہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پیر تک پاور اور گیس سیکٹر میں بہتری آئے گی اور اگلے دو تین دن میں مزید بہتری آجائے گی جبکہ گیس بحالی سے بجلی کی بحالی بھی ہوجائے گی جو مزید فرق رہ گیا ہے وہ ایک دو دن میں پورا ہوجائے گا۔
ان کا کہنا تھاکہ دو تین روز بجلی کی بندش پر سیاست چمکانے کی کوشش کی گئی، اس وقت پیک ڈیمانڈ ہے، اس سے پہلے اتنی ڈیمانڈ نہیں تھی۔
حماد اظہر کا کہنا تھاکہ لوڈ شیڈنگ کے بحران پر جلد قابو پالیں گے، ماضی میں جو سسٹم لگایا ہے وہ درآمدی فیول پر لگایا گیا ہے جبکہ ایل این جی پاکستان کی ضرورت ہے کیونکہ گیس کے ذخائرختم ہورہے ہیں۔