ڈبلیو ایچ او کی منظور شدہ تمام ویکسینز کو تسلیم کیا جائے،کوویکس کا مطالبہ

کوویکس(عالمی ادارہ صحت کےکوروناویکسینز کے پروگرام) کی جانب سے تمام ممالک سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ڈبلیو ایچ او کی جانب سے ہنگامی استعمال کے لیے منظور کی گئی تمام کورونا ویکسین لگوانے والے مسافروں کو سفر کی اجازت دیں۔

ایک بیان میں کوویکس نے کہا ہےکہ اسے دنیا کے تمام افراد تک کورونا ویکسین کی یکساں فراہمی کے ذریعے ان کی صحت کی حفاظت کے اصول پر بنایا گیا ہے، کوویکس کا مقصد تمام افراد کی زندگی اور ان کے روزگار کے تحفظ سمیت ان کے تجارت کرنے اور سفر کرنے کے حق کو محفوظ بنانا ہے۔

کوویکس کا کہنا ہے کہ ایسے وقت میں جب دنیا کے مختلف حصوں میں سفر اور دیگر سہولیات شروع ہورہی ہیں تو سفری پابندیوں سے متعلق فیصلہ کرتے وقت عالمی ادارہ صحت اور 11 ہیلتھ ریگولیٹری اتھارٹیز کی جانب سے محفوظ اور مؤثر قرار دی گئی کورونا ویکسین لگوانے والے افراد کو مدنظر رکھا جائے۔

کوویکس کی جانب سے تمام ممالک پر زور دیا گیا ہے کہ وہ ڈبلیو ایچ او کی جانب سے منظور کی گئی مخصوص ویکسینز کے بجائے تمام منظور شدہ کورونا ویکسینز لگوانے والے افراد کو سفر کی اجازت دیں ورنہ اس سے دنیا میں غیر منصفانہ معیار قائم ہونے کا خدشہ ہے اور اس طرح معاشی طور پر بھی سخت نقصان ہونے کا اندیشہ ہے۔

کوویکس کے مطابق بعض ممالک کی جانب سے مخصوص ویکسینز کو ہی منظور کرنے کے باعث جان بچانے والی دیگر کورونا ویکیسنز (جو کہ محفوظ اور مؤثر ثابت ہوچکی ہیں) لگوانے سے متعلق لوگوں کا اعتماد مجروح ہورہا ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں