کراچی: اسٹریٹ کرائم بڑھنے پر پولیس مقابلوں میں تیزی، 3 ڈاکو مارے گئے

کراچی میں گزشتہ روز سے اب تک شہر میں 3 پولیس مقابلوں میں 3 ڈاکو ہلاک ہوگئے جبکہ ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

شہر میں اسٹریٹ کرائم اور ڈکیتیوں کی وارداتوں میں اضافے کے بعد گزشتہ روز سے پولیس مقابلوں میں بھی تیزی آگئی ہے۔

پولیس کے مطابق رات گئے سپر ہائی وے پر موٹر سائیکل سوار 2 ڈاکوؤں نے شہری کو اسلحہ کے زور پر لوٹ مار کے دوران فائرنگ کرکے قتل کردیا، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی گشت پر مامور موٹرسائیکل سوار 2 اہلکار پہنچ گئے اور ڈاکوئوں سے مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک جب کہ دوسرا فرار ہوگیا۔

الفلاح تھانے کی حدود جمعہ گوٹھ ندی بند کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ایک اہلکار فاروق زخمی ہوگیا، ندی بند پر لوٹ مار میں مصروف پانچ سے سات مسلح ملزمان اور پولیس میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا، دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والے ملزمان رات کی تاریکی اور ندی کا فائدہ اٹھاتے ہوئےفرار ہوگئے۔

دوسری جانب پولیس کے مطابق نرسری کے قریب مشکوک کار میں پانچ افراد گھوم رہے تھے جسے گشت پر مامور ایس ایچ او فیروزآباد نے تلاشی کے لیے رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے کار سے پولیس موبائل کو ٹکر ماری جس سے ایس ایچ او معمولی زخمی ہوگیا جب کہ ملزمان گرفتاری سے بچنے کےلیے پولیس پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔

علاوہ ازیں ملیر 15کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 2 ڈاکو ہلاک ہوگئے جب کہ ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں