اینٹی ریپ آرڈیننس 2020 پر عملدرآمد کے معاملے پر پنجاب میں پراسیکیوٹر جنرل اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹرز تعینات کردیے گئے۔
وفاقی وزارت قانون و انصاف نے تعیناتیوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جس کے مطابق پنجاب میں 112 پراسیکیوٹر جنرل اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹرز تعینات کیا گیا ہے۔
پراسیکیوٹرزکی تعیناتی اینٹی ریپ آرڈیننس 2020 کےسیکشن7کےتحت کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ دسمبر 2020 میں صدر مملکت عارف علوی نے انسدادِ ریپ آرڈیننس کی منظوری دی تھی۔
آرڈیننس سے عورتوں اوربچوں کے خلاف جنسی زیادتی کے معاملات جلد نمٹانے میں مدد ملے گی اور آرڈیننس کے تحت جنسی زیادتی کے ملزمان کے تیز ٹرائل کیلئے ملک بھر میں اسپیشل عدالتیں قائم کی جائیں گی۔
خصوصی عدالتیں 4 ماہ کے اندر جنسی زیادتی کے کیسز کو نمٹائیں گی جبکہ آرڈیننس کے تحت وزیراعظم انسداد جنسی زیادتی کرائسز سیلز کا قیام عمل میں لائیں گے جو 6 گھنٹے کے اندر میڈیکو لیگل معائنہ کرانے کا مجاز ہوگا۔