پولیس نے بالی وڈ اسٹار سلمان خان کو بہن الویرا سمیت طلب کرلیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمان خان کو مبینہ طور پر دھوکا دہی کے مقدمے میں بہن الویرا اور ان کی چیریٹی’ہیومن بینگ ‘سے منسلک 7افراد سمیت چندی گڑھ پولیس نے طلب کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ارون گپتا نامی تاجر کی جانب سے سلمان خان ، ان کی بہن، ہیومن بینگ کے سی ای اور سمیت دیگر عہدیداروں کے خلاف دھوکا دہی کا الزام عائد کرتے ہوئے مقدمہ درج کرایا گیا ہے۔
ارون گپتا نے الزام عائد کیا ہے کہ ہیومن بینگ کے دو عہدیداروں کی جانب سے انہیں چندی گڑھ میں فرنچائز کھولنے کا کہا گیا، اتفاق کے بعد بتایا گیا کہ اس پر 2 کروڑ کی سرمایہ کاری ہوگی، عہدیداروں کی جانب سے یہ کہہ کر دباؤ ڈالاگیا کہ سلمان خان شوروم کے افتتاح کے لیے آئیں گے تاہم شوروم کھولنے کے بعد انہیں کسی قسم کا کوئی سامان وصول نہیں ہوا۔
ارون گپتا کا کہنا ہے کہ بعد ازاں چیریٹی کے عہدیداروں کی جانب سے ان کی اور سلمان خان کی ایک میٹنگ کا بھی انعقاد کیا گیا جس دوران سلمان خان نے ان سے اس مسئلے کے حل کا وعدہ بھی کیا لیکن ڈیڑھ سال گزرنے کے باوجود کوئی سامان موصول نہ ہوسکا۔
چندی گڑھ پولیس کے مطابق سلمان خان سمیت دیگر افراد کو جواب جمع کرانے کے لیے 13 جولائی تک کا وقت دیا گیا ہے۔