سندھ میں کورونا پابندیوں کا آغاز ، کراچی میں ایس او پیز نظر انداز

سندھ حکومت نے صوبے میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے سبب ایک مرتبہ پھر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔

آج سے سندھ بھر میں ریسٹورنٹس کے اندر بیٹھ کر کھانے پر پابندی ہوگی، بسوں میں 50 فیصد مسافر سوار کیے جائیں گے جبکہ صوبے میں تمام سینما ہال بھی بند کر دیے گئے ہیں۔ کل بروز جمعہ سے ساحلِ سمندر، پارکس اور جم جانے پر بھی پابندی ہوگی۔

ہفتے سے پہلی سے آٹھویں جماعت تک کلاسز بھی بند کر دی جائیں گی تاہم نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے اور پابندیوں کا اطلاق 31 جولائی تک ہوگا۔

دوسری جانب صوبائی حکومت کی جانب سے کورونا پابندیوں کے باوجود کراچی کے شہریوں کی جانب سے ایس او پیز کو نظرانداز کرنے کی شکایات سامنے آ رہی ہیں اور جن علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے وہاں بھی ایس او پیز پر عمل درآمد ہوتا نظر نہیں آ رہا۔

واضح رہے گزشتہ روز وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت صوبائی کووڈ ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا تھا جس میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

صورتحال سنگین ہونے کے باعث وبا کی روک تھام کے لیے نئی پابندیاں لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں