معروف پاکستانی اداکارہ جینان حسین نے والد کی دوسری شادی کے بعد اپنی زندگی پر پڑنے والے اثرات کے حوالے سے انکشاف کیا ہے۔
جینان حسین حال ہی میں ویب چینل کے ایک انٹرویو میں جلوہ گر ہوئیں جہاں انہوں نے اپنی ذاتی زندگی میں پیش آنے والی مشکلات کے بارے میں گفتگو کی۔
اداکارہ نے بتایا کہ میری عمر تقریباً 12 سال تھی جب والد نے دوسری شادی کی، میں ان کے کافی قریب تھی اس لیے اس واقعے نے مجھے بہت متاثر کیا۔ شادی کے بعد چیزیں کچھ بگڑنا شروع ہوگئیں اور وہ ہمیں چھوڑ کر چلے گئے، زندگی میں آنے والی تمام عورتیں اچھی نہیں ہوتیں۔
جینان نے انکشاف کیا کہ والد کے جانے کے بعد میں سخت بے چینی اور ڈپریشن کا شکار ہوگئی تھی اور اب تک ہوں لیکن اب خود کو سنبھالنے کے طریقے آگئے ہیں، چھوٹی تھی تو والدہ ڈاکٹر کے پاس بھی لے کر گئیں۔
جینان کا کہنا تھا کہ اس وقت میں سنبھل گئی لیکن زندگی میں اب کچھ بھی برا ہو تو فوراً سے وہ سب یاد آنے لگتا ہے اور ایسا محسوس ہوتا ہے کہ میں دوبارہ وہیں آگئی ہوں۔
ایک قصہ سناتے ہوئے اداکارہ نے بتایا کہ شادی کے بعد میرے شوہر تعلیم مکمل کرنے ملائشیا گئے تو مجھے انزائٹی اٹیک ہوگیا، وہ وقت میرے لیے انتہائی برا تھا، جن لوگوں کو اس بات کا علم ہے وہ یہ بھی جانتے ہوں گے کہ علیحدگی والی انزائٹی کیا ہوتی ہے۔
اداکارہ نے بتایا کہ نقصانات چاہے 50 سال پرانے کیوں نا ہوں، ایک ٹریگر پوائنٹ ہوتا ہے جو کئی سال بعد بھی جاگ سکتا ہے۔