وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے چینی ہم منصب وانگ ژی سے ملاقات کی۔
دونوں وزرائے خارجہ کی ملاقات شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کے تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے میں منعقدہ اجلاس کے موقع پر ہوئی۔
اعلامیے کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور چین کے دوطرفہ تعلقات، سی پیک، باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خارجہ نے چینی ہم منصب سے آج اپر کوہستان کے علاقے داسو میں ڈیم منصوبے کے قریب پیش آنے والے بس حادثے اور چینی شہریوں کے جانی نقصان پر اظہار تعزیت کیا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں ، پاکستان اور چین آہنی بھائی ہیں، مختلف علاقائی اور عالمی معاملات پر پاکستان اور چین کا مؤقف مشترک ہے۔
خیال رہے کہ اپر کوہستان میں داسو کے قریب بس کے حادثے میں چینی شہریوں سمیت 12 افراد جاں بحق ہوگئے۔