ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے دوسرے ایڈیشن کے پوائنٹس سسٹم میں تبدیلی

انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے دوسرے ایڈیشن کے لئے پوائنٹس سسٹم میں تبدیلی کا اعلان کردیا ہے ۔

ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے دوسرے ایڈیشن میں ہر میچ جیتنے پر 12 پوائنٹس،میچ ڈرا ہونے کی صورت میں دونوں ٹیموں کو 4 پوائنٹس جبکہ میچ برابر ہونے کی صورت میں دونوں ٹیموں کو 6،6 پوائنٹس دیے جائیں گے۔

ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پہلے ایڈیشن کے پوائنٹس سسٹم میں 12 پوائنٹس ایک مکمل سیریز کے لیے مختص کیے گئے تھے جو کہ سیریز کے میچز میں تقسیم ہوتے تھے۔

پہلے ایڈیشن کے پوائنٹس سسٹم کو شائقین کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا تھا جس پر ایکشن لیتے ہوئے آئی سی سی کی جانب سے نئے پوائنٹ سسٹم کا اعلان کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ آئی سی سی کی جانب سے 2021 سے 2023 کے دوران ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے دوسرے ایڈیشن میں کھیلی جانے والی دو طرفہ سیریز کے شیڈول کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے دوسرے ایڈیشن میں ٹاپ 9 ٹیمیں 6 ،6 سیریز کھیلیں گی ، جس میں 3 ہوم اور 3 بیرونِ ملک سیریز شامل ہیں۔

ٹیسٹ چیمپئن شپ کا آغاز رواں سال اگست میں بھارت اور انگلینڈ کے درمیان 5 میچز پر مشتمل سیریز سے ہوگا۔

آئی سی سی کے قائم مقام چیف ایگزیکٹیو جیوف آلرڈائس کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پہلے ایڈیشن کے پوائنٹس سسٹم کو تنقید کا نشانہ بنایا جاریا تھا اس لیئے اس باراس کو آسان کردیا گیا ہے جبکہ اس نئے سسٹم سے فائنل کی دو ٹیموں کا انتخاب آسان ہوجائے گا۔

شیڈول کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم اپنی ہوم سیریز آسٹریلیا، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ جبکہ بیرون ملک سیریز سری لنکا، ویسٹ انڈیز اور بنگلادیش کے خلاف کھیلے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں