ملک میں کورونا سے مزید 31 افراد انتقال کرگئے جب کہ مثبت کیسز کی شرح 2 ماہ بعد 6 فیصد سے تجاوز کرگئی۔
پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 37690 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 2327 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ وائرس سے مزید 31 افراد انتقال کر گئے۔
سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 6.17 فیصد رہی اور یہ شرح گزشتہ تقریباً 2 ماہ کے دوران سب سے زیادہ شرح ہے۔
اس سے قبل 22 مئی کو ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 6.43 ریکارڈ کی گئی تھی۔
این سی او سی کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا سے اموات کی تعداد22720 ہو چکی ہے جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 9 لاکھ 83 ہزار 719 تک پہنچ چکی ہے۔
اس کے علاوہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 956 افراد کوورنا سے صحتیاب بھی ہوئے جس کے بعد ملک میں وبا سے شفایاب ہونے والے افراد کی تعداد 9 لاکھ 17 ہزار 329 ہو گئی ہے جب کہ ملک میں فعال کیسز کی تعداد 43670 ہوگئی ہے۔