کراچی: گھریلو جھگڑے میں بیٹے کی فائرنگ سے پولیس افسر باپ جاں بحق

کراچی: کورنگی مہران ٹاؤن میں بیٹے کی فائرنگ سے شعبہ تفتیش میں تعینات پولیس انسپکٹر جاں بحق ہوگیا۔

کراچی کے علاقے کورنگی مہران ٹاؤن میں گھریلو تنازع پر ایک نوجوان نے اپنے والد پولیس انسپکٹر کو اسی کے سرکاری پستول سے گولیاں مار کر قتل کر دیا اور واقعے کے بعد ملزم فرار ہوگیا جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

پولیس کے مطابق کورنگی مہران ٹاؤن میں یہ واقعہ آج صبح 7 بجے پیش آیا، درخشاں تھانے کے شعبہ انویسٹی گیشن میں تعینات پولیس انسپکٹر دیدار عباسی نے گزشتہ رات گھریلو تنازع پر اپنے بیٹے کامران عباسی سے باز پرس کی تھی اور اسے کسی غلطی پر مارا پیٹا تھا۔

پولیس نے بتایا کہ رات کو معاملہ رفع دفع ہوگیا لیکن صبح 7 بجے پولیس افسر کے بیٹے کامران عباسی نے باپ کو اسی کے پستول سے دو گولیاں ماریں جس سے وہ موقع پر ہی چل بسا۔

ایس ایس پی شاہجہان خان کے مطابق مقتول دیدار عباسی ضلع ملیر کے میمن گوٹھ تھانے کے ایس ایچ او خالد عباسی کا بھائی تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں