اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہےکہ افغان سفیر کی بیٹی کے زخمی ہونے کے شواہد نہیں ملے۔
شیخ رشید نے کہا کہ جتنا بھی دباؤ ہو، ہمیں قوم کو سچ بتانا چاہیے، افغان سفیرکی بیٹی نےچاروں ٹیکسی ڈرائیوروں کو ادائیگیاں کیں ،کسی ٹیکسی میں سفیرکی بیٹی کے ساتھ کوئی نہیں بیٹھا، افغان سفیر کی بیٹی کے زخمی ہونے کے شواہد نہیں ملے، ضرورت ہوئی تو وزیراعظم کی اجازت سے چاروں ٹیکسی ڈرائیوروں کو میڈیا پرلےآؤں گا۔
انہوں نے کہا کہ افغان سفیر کی بیٹی جرمنی سے سائبر کرائم پڑھی ہوئی ہیں، انہوں نے فون سے آئی کلاوڈ بھی ختم کرکے دیا، فون کا فارنزک کی جاری ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں افغان سفیر کی بیٹی کے مبینہ اغوا اور تشدد کا معاملہ سامنے آیا تھا۔
ذرائع کے مطابق حکام 16جولائی کو افغان سفیر کی بیٹی کے ساتھ پیش آئے واقعے کی تحقیقات کررہے ہیں جبکہ اس معاملے پر وزیراعظم عمران خان نے وزیر داخلہ شیخ رشید کو 48 گھنٹوں میں ملزمان کو گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا۔
افغان وزارت خارجہ نے بیان میں پاکستان سے سفارتی عملے کو تحفظ دینےکا مطالبہ کیا تھا اور بیان میں یہ بھی کہا تھا کہ افغان سفیر کی بیٹی کو اغوا اور تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔